عاپ کے پاس انتخابات کیلئے پیسے نہیں ہیں: کجریوال

پاناجی۔22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر ارویندر کجریوال نے کہا کہ دہلی میں برسر اقتدار ہونے کے باوجود عام آدمی پارٹی کے پاس انتخابی مقابلہ کرنے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ وہ اس صورتحال سے نمٹ رہی ہے۔ دہلی میں گزشتہ دیڑھ سال سے برسر اقتدار رہنے کے باوجود پارٹی کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ وہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے جنوبی گوا میں ارکان سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم پارٹی پہلے ہی آئندہ پنجاب اور گوا انتخابات کے لئے اپنی مہم کا آغاز کرچکی ہے۔ ہم نے دہلی میں جب مقابلہ کیا تو عوام نے ہمیں اس کے لئے مدد کی تاکہ ان کا مستقبل بہتر بن سکے۔ کجریوال نے کہا کہ اسی طرح کی صورتحال گووا میں بھی ہے۔ مقامی عوام ہی انتخابی مقابلہ کریں گے۔ کجریوال نے کہاکہ اگر ریاست میں عام آدمی پارٹی برسر اقتدار آئے تو کوئی ہائی کمان کلچر نہیں ہوگا۔ گوا کے عوام گوا پر حکومت کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ انتخابی منشور بھی گوا کے عوام نے ہی تیار کیا ہے۔ وہ انتخابی منشور نہیں لکھوائیں گے۔ یہ فیصلہ مقامی عوام کو کرنا ہے۔ ان کا دورہ صرف مسائل کو سمجھنے کے لئے ہے۔ گوا میں منشیات کی کھلے عام فروخت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چاہے تو صرف ایک گھنٹے میں اس کو روک سکتی ہے۔