عاپ کی زبردست کامیابی تنوع کا احترام کرنے کا بی جے پی کیلئے پیغام : مفتی محمد سعید

جموں 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی کے سرپرست مفتی محمد سعید جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کیلئے بی جے پی سے بات چیت کررہے ہیں ۔ انہوں نے آج کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی زبردست کامیابی کا پیغام ’’بلند آہنگ اور واضح‘‘ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ہندوستان کے تنوع کا احترام کرنا ہوگا اور ’’انتشار پسند عناصر ‘‘کو ڈسپلن کا پابند بنانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی دہلی کے رائے دہندوں سے اثر قبول کر کے اپنی اصلاح کرنا چاہتی ہے تو اسے اس واضح اور بلند آہنگ پیغام کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہوگا ۔ اگر وہ دہلی کے رائے دہندوں کے اس پیغام کو نظر انداز کرتی ہے تو دہلی انتخابی نتائج کا ملک گیر سطح پر اثر مرتب ہوگا۔ ہمارا ملک رنگا رنگ تہذیبوں ‘ مذاہب اور عقیدوں کا حسین گلدستہ ہے اور اس کا احترام کرنا ضروری ہے۔