عاپ غیرجمہوری طرز عمل کا شکار : رام داس

نئی دہلی ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایڈمیرل رام داس نے آج عام آدمی پارٹی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدوں پر پورا اترنے میں ناکام رہی۔ اس کے علاوہ وہ غیرجمہوری طریقہ کا شکار ہوچکی ہے۔ ایڈمیرل رام داس کو پارٹی کے داخلی لوک پال عہدہ سے گذشتہ ماہ برطرف کردیا گیا تھا۔ پارٹی کے باغی کیمپ کی جانب سے منعقدہ کنونشن میں انہوں نے ایک بیان پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا کہ لوک پال کی میعاد ختم ہونے کے بارے میں قطعی تاریخ کی وضاحت کیلئے بار بار توجہ دلائی گئی لیکن پارٹی قیادت نے خاموشی اختیار کی۔ انہوں نے بتایا کہ لوک پال اور 4 سینئر بانی ارکان خود کو اپنے عہدوں سے محروم تصور کرنے لگے۔ اس طرح کی حرکتوں سے ان لاکھوں حامیوں کی توقعات کو ٹھیس پہنچتی ہے جنہوں نے عام آدمی پارٹی پر بھروسہ کیا تھا۔