عاپ ارکان اسمبلی کے خلاف وزیر اعظم کا سیاسی انتقام

ڈپٹی اسپیکر اور امانت اللہ خاں کے خاندان سے بدسلوکی کا الزام
نئی دہلی ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مرکزی حکومت کے خلاف تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ایماء پر دہلی میں پارٹی کے ارکان اسمبلی سے انتقام لیا جارہا ہے اور یہ اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے لیکن پارٹی خوفزدہ نہیں ہوگی ۔ عاپ کے سینئیر لیڈر اشوتوش نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہمارے 2 ارکان اسمبلی نریش یادو اور امانت اللہ خاں کو دن دھاڑے گرفتار کرلیا ہے ۔ جب کہ پولیس نے خان کے افراد خاندان کے ساتھ بدسلوکی بھی کی اور انہیں زبردستی اٹھالیا گیا ۔ اس طرح کا رویہ ڈپٹی اسپیکر راکھی برلن کے ساتھ بھی اختیار کیا گیا ۔ ہمارے ارکان اسمبلی کو نشانہ بنانے میں نریندر مودی کا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور ایم ایل اے شردچوہان سے بھی ایک مسئلہ پر 9 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی ۔ لیکن عاپ کی مداخلت کے بعد ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ اشوتوش نے انتقامی کارروائی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 10 ارکان اسمبلی کو گرفتار ، ایک ایم ایل اے کے خلاف انکم ٹیکس کادھاوا ، پارلیمانی سکریٹریز کی حیثیت سے نامزد 21 ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ باوثوق ذرائع نے معلوم ہوا ایک آج شام تک راکھی اور چوہان کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا لیکن ہم صرف یہ کہہ سکتے ہیں سارا ملک دیکھ رہا ہے کہ دہلی میں کیا ہورہا ہے اور نریندر مودی کی انتقامی سیاست سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے ۔ اشوتوش کا یہ ریمارک ، پارٹی سربراہ اور چیف منسٹر اروند کجریوال کے اس الزام کے ایک دن بعد آیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی انہیں ( کجریوال ) قتل کرواسکتے ہیں اور عاپ کے ارکان اسمبلی سے کہا کہ بی جے پی حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے دوران کسی بھی قربانی کے لیے تیار ہوجائیں ۔۔