عام آدمی کی اہمیت کو نظرانداز نہ کیا جائے

ممبئی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس کو عوام کی اہمیت کو نظرانداز کرنے کے خلاف انتباہ دیا اور کہاکہ عام آدمی کی توقعات کو پورا کیا جانا چاہئے۔ پارٹی کے ترجمان ’سامنا‘ میں شائع اداریہ میں کہا گیا ہے کہ نئی حکومت ایک دلہن کی طرح ہوتی ہے جو ابتداء میں اپنی ساس کو خوش کرتی ہے۔ حکومت کے معاملہ میں ساس دراصل مہاراشٹرا کے عوام ہیں۔ پارٹی نے کہاکہ عوام کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ جب آپ غلطی کرتے ہیں تو ان کے پاس آپ کی گوش مالی کے اختیارات ہیں۔ پارٹی نے کہا یہ پہلا سبق ہے جو نئی حکومت کو سیکھنا ہوگا۔ شیوسینا نے اپنی سابق حلیف بی جے پی کے ساتھ دوستی کے اشارے دینے شروع کردیئے ہیں۔

حالانکہ انتخابات سے عین قبل یہ اتحاد ختم ہوگیا تھا اور انتخابات میں بی جے پی سب سے بڑی جماعت کے طور پر اُبھری۔ اداریہ میں کہا گیا کہ عوام کے ساتھ انتخابات میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے لیکن مہاراشٹرا کے عوام پہلی بی جے پی حکومت سے کافی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ کانگریس ۔ این سی پی اور حکومت میں منترالیہ (سکریٹریٹ) جل کر خاکستر ہوگیا تھا لیکن عوام کی توقعات اس سے پہلے ہی راکھ کا ڈھیر بن چکی تھیں۔ نئے چیف منسٹر فرنویس کا کام اس چنگاری کی طرح ہونا چاہئے جو راکھ سے نکلتی ہے۔ فرنویس زیرقیادت وزارت کی کل حلف برداری تقریب کو ایک بڑا پروگرام (کارپوریٹ شخصیتیں بھی اس میں شریک تھیں) قرار دیتے ہوئے اداریہ میں کہا گیا کہ انتظامیہ کی توجہ دولتمندوں یا دولت پر نہیں بلکہ غریبوں پر ہونی چاہئے جیسا کہ شیواجی کے دور میں ہوا کرتا تھا۔ فرنویس نے کہا تھا کہ ان کی حکومت شیواجی دور کا نمونہ ہوگی۔ چنانچہ انھیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ شیواجی حکومت کی طاقت کوئی سیٹھ یا ساہوکار نہیں بلکہ عام لوگ تھے۔