عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی دنیش گرفتار

پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران پولیس کی کارروائی
نئی دہلی 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی دنیش موہنیہ کو خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور جنسی ہراسانی کے الزام میں آج ڈرامائی مناظر کے دوران گرفتار کرلیا گیا جبکہ وہ پریس کانفرنس کو مخاطب کررہے تھے۔ اس واقعہ پر چیف منسٹر اروند کجریوال نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور یہ الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔ موہنیہ جوکہ دہلی جل (واٹر) بورڈ کے نائب صدرنشین بھی ہیں، ایک پولیس عہدیدار نے عملاً اُنھیں کرسی سے کھینچ کر اُس وقت اُٹھادیا جب وہ اپنے آفس میں دوپہر 12.10 بجے میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ جوائنٹ کمشنر پولیس (جنوب مشرقی دہلی) آر پی اپادھیائے نے بتایا کہ رکن اسمبلی کے خلاف قانون تعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ پارٹی کے رکن اسمبلی کی گرفتاری پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر کجریوال نے کہاکہ مودی نے دہلی میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے اور عوامی نمائندوں کے خلاف گرفتاریاں، دھاوے اور خوف و دہشت طاری کرنے اور فرضی مقدمات دائر کئے جارہے ہیں جنھیں دہلی کے عوام نے منتخب کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ دنیش موہنیہ کو پریس کانفرنس میں ٹی وی کیمروں کے سامنے سے گرفتار کرلیا گیا اور اس طرح کی کارروائی سے نریندر مودی کیا پیام دینا چاہتے ہیں۔ دہلی میں عام آدمی پارٹی برسر اقتدار آنے کے بعد گرفتار دنیش موہنیہ آٹھویں رکن اسمبلی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ خواتین کے ایک گروپ نے پانی کی قلت کی شکایت کے لئے رکن اسمبلی سے رجوع ہوئی تھی جہاں پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور گالی گلوج کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔