عام آدمی پارٹی کے خلاف کانگریس کا کتابچہ

نئی دہلی ۔ 19 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال کا مضحکہ اڑاتے ہوئے انہیں مفلر یو ٹرن(مفلر الٹنے والا) کا خطاب دیا اور ایک کتابچہ جاری کرتے ہوئے ان کی سیاسی منافقت کو بے نقاب کردیا ۔ کانگریس ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے جنرل سکریٹری اجئے ماکن اور دہلی پردیش کانگریس صدر اروند سنگھ نے 8 صفحات پر مشتمل ایک کتابچہ بعنوان 49 دنوں کی الٹی چال۔ دہلی ہوئی بے حال۔ یوٹرنگ کجریوال جاری کیا جس میں پیشرو آپ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور یہ الزام عائد کیا کہ دہلی میں 49 یوم کی آپ حکومت عوام کیلئے ایک خوفناک خواب ثابت ہوئی کیونکہ چیف منسٹر کی حیثیت سے کجریوال نے اپنے وعدوں سے یکسر منحرف ہوگئے تھے ۔ کانگریس نے یہ ادعا کیا کہ کجریوال نے اپنے وعدوں سے مکرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ اگرچیکہ عوام میں ان کی شناخت ایک مفلر والا آدمی جیسا ہے لیکن وہ ہمیشہ مفلر پلٹاتے ہوئے وعدوں سے انحراف کرتے ہیں۔ مذکورہ کتابچہ میں عام آدمی پارٹی کے انتخابی وعدوں کا تذکرہ کیا گیا ہے ۔