نئی دہلی 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اِن اطلاعات کے پس منظر میں کہ دہلی میں بی جے پی حکومت تشکیل دینے کی کوشش کررہی ہے، عام آدمی پارٹی نے اپنے ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس منعقد کیا تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جاسکے۔ اروند کجریوال زیرقیادت عام آدمی پارٹی توقع ہے کہ بی جے پی کے دہلی میں حکومت تشکیل دینے کی صورت میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرے گی۔ فی الحال 70 رکنی دہلی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کے 27 ارکان ہیں۔ قبل ازیں پارٹی نے لکشمی نگر کے رکن اسمبلی ونود کمار بنی کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بناء پر پارٹی سے خارج کردیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے بموجب کجریوال نے لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ سے ملاقات کا وقت طلب کیا ہے اور اُن کے جواب کے منتظر ہیں۔ 3 جولائی کو عام آدمی پارٹی ارکان اسمبلی کجریوال کی زیرقیادت صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کرکے دہلی اسمبلی تحلیل کرنے اور قومی دارالحکومت میں تازہ انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ اِس سلسلہ میں ایک یادداشت بھی پیش کی جاچکی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بی جے پی نے پارٹی کے 15 ارکان سے ملاقات کرکے بی جے پی کی تائید کی خواہش کی تھی۔