نئی دہلی۔ 5؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت غیر منظم شعبہ کے مقامی کارکنوں کے لئے فلاحی اسکیموں پر عمل آوری کرے گی جن کا مقصد ایک اور انتخابی وعدہ کی تکمیل ہوگا۔ دہلی کی عمارت اور دیگر تعمیراتی ویلفیر بورڈ سابق کانگریس حکومت نے 2 ستمبر 2002ء کو تشکیل دئے تھے، فی الحال 1200 کروڑ روپئے کی رقم استعمال نہیں کی گئی۔ نئے وزیر محنت گریش سونی نئی اسکیموں کے تحت یہ رقم استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ تعمیراتی مزدور سب سے زیادہ استحصال کا شکار طبقہ ہے۔ ان کی صورتِ حال قابل رحم ہے۔ ان کا ایک بڑا گروپ نقل مقام کرنے والے افراد پر مشتمل ہے۔ انھیں کوئی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔ وہ ناخواندہ ہیں اور اپنے حقوق سے ناواقف ہیں۔
وزیر محنت نے منصوبہ بنایا ہے کہ نئی اسکیم کے تحت مختص رقم استعمال کی جائے گی تاکہ سماجی طمانیت برائے غیر منظم شعبہ کارکن کی اجرتوں کو اور اوقاتِ کار کو باقاعدہ بنایا جاسکے۔ انھوں نے محکمہ محنت کے کمشنر کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ کنٹراکٹ مزدوروں کی ملازمتوں کو مستقل بنانے کے مقصد سے عام آدمی پارٹی کو زبردست تائید حاصل ہوئی تھی۔ سونی نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی کہ کنٹراکٹ ورکرس کی فہرستیں حکومت کو روانہ کردیں۔ سونی نے کہا کہ ایسے لوگ بھی ہیں جو طویل مدت سے ملازمت کررہے ہیں، لیکن ان کی ملازمتیں مستقل نہیں کی گئیں۔ وہ اب بھی کنٹراکٹ پر کام کررہے ہیں۔ انھیں معلومات حاصل ہوتے ہی وہ ان کی ملازمتیں مستقل کرنے کا خاکہ تیار کریں گے۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب دہلی برقی سربراہی زیر انتظام مزدور سنگھ ورکرس یونین کے جنرل سکریٹری بلبیر سنگھ نے بھی وزیر محنت سے ملاقات کرکے مطالبہ کیا کہ ترسیل برقی توانائی کمپنیوں میں کنٹراکٹ پر مزدوری کا سلسلہ ختم کیا جائے۔