عام آدمی پارٹی نے سیاست کو نیا انداز دیا

لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے امکانات بہتر : امرتیہ سین
جئے پور 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی پرعام آدمی پارٹی کی ستائش کرتے ہوئے نوبل انعام یافتہ امرتیہ سین نے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بھی اس پارٹی کے امکانات بہتر ہیں۔ انہوں نے جئے پور ادبی فیسٹول کے موقع پر کہا کہ وہ تصور کرسکتے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات میں بھی یہ پارٹی قابل لحاظ مظاہرہ کریگی ۔ اگر اسے کچھ نشستوں پر کامیابی مل جاتی ہے تو انہیں حیرت نہیں ہوگی ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ اس پارٹی نے ملک کی سیاست میں ایک نیا انداز متعارف کروانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے امرتیہ سین نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے یہ واضح کردیا ہے کہ فرقہ وارانہ منافرت یا ذات پات کے جذبات کو بھڑکائے بغیر بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کی جساکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے یہ واضح کردیا ہے کہ حکمرانی کا مسئلہ اہمیت کا حامل ہے اور یہ ایک بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ طریقہ بھی واضح کردیا ہے کہ حکمرانی کس طرح کی جاتی ہے ۔ ان کی پالیسیاں عام آدمی کی ضروریات کو پورا کرنے والی ہیں۔ یہ لوگ انتخابی اور سیاسی پس منطر میں اپنی آواز کو منوانا چاہتے ہیں۔ فیسٹول میں اپنے کلیدی خطاب میں بھی امرتیہ سین نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے ہندوستانی جمہوریت کیلئے اچھی مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کو طویل سفر طئے کرنا ہے تاہم انہوں نے ایک اہم کامیابی حاصل کرلی ہے اور انتظامی اصلاحات کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے واضح کردیا ہے کہ کس طرح سے بنیادی مسائل کو انتخابی مسائل کے طور پر ابھارا جاسکتا ہے ۔

مودی کے نشست کو قطعیت کے بعد امیدوار کا اعلان : عام آدمی پارٹی
احمد آباد 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کے حلقہ انتخاب کو قطعیت دئے جانے کے بعد ان کے مقابلہ کیلئے عام آدمی پارٹی کے امیدوار کا اعلان کیا جائیگا ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ پہلے مودی کو اعلان کرنے دیجئے کہ وہ کہاں سے ماقبلہ کرنے والے ہیں ۔ اس کے بعد عام آدمی پارٹی یہ فیصلہ کریگی کہ ان سے کون مقابلہ کریگا ۔ پارٹی نے گجرات میں تمام 26 حلقوں سے مقابلہ کا اعلان کیا ہے ۔