امیتھی 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی قائد کمار وشواس نے آج کہاکہ اروند کجریوال زیرقیادت عام آدمی پارٹی سے اُن کے مبینہ اختلافات ذرائع ابلاغ کی ’’پیداوار‘‘ ہیں، جس کا ایک گوشہ مبینہ طور پر پارٹی کو ’’رسوا‘‘ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ عام آدمی پارٹی میں اختلافات اور گروہ بندی کی خبر جیسے ہی نشر ہوئی، وہ اروند کجریوال اور منیش سیسوڈیہ سے بات کررہے تھے۔ ایسی خبر ذرائع ابلاغ کی تقلید کرتا ہے جس کا ایک گوشہ پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں شکایات وصول ہوئی ہیں کہ بعض ٹکٹ درست افراد کو نہیں دیئے گئے، تحقیقات جاری ہیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوجائیں تو ٹکٹ منسوخ کردیئے جائیں گے۔ کمار وشواس نے یہ بھی دعویٰ کیاکہ کجریوال ، نریندر مودی کے خلاف امیدوارہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی اب خوف زدہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی بدعنوان افراد سے بھری ہوئی ہے۔ اقتدار کی ہوس میں وہ رام کرپال یادو جیسے افراد کو بھی پارٹی میں شامل کررہے ہیں۔