ممبئی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یہ شکوہ کرتے ہوئے کہ عام آدمی پارٹی ایک تماشہ میں تبدیل ہوگئی، ممتاز سماجی کارکن میدھا پاٹکر نے آج داخلی اختلافات نقطہ عروج پر پہنچ جانے کے بعد پارٹی سے استعفیٰ دے دیا، جبکہ پارٹی کے بانی ارکان پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو کو تنظیمی عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے۔ ممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے میدھا پاٹکر نے کہاکہ دہلی میں آج پارٹی اجلاس میں جو کچھ بھی ہوا ہے وہ انتہائی بدبختانہ ہے۔ سماجی کارکن نے جو اروند کجریوال کی زیرقیادت تنظیم میں نمایاں شخصیت تھیں، کہاکہ پارٹی میں سیاسی اُصولوں کو پامال کردیا گیا ہے۔ اُنھوں نے پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو کے ساتھ پیش آئے واقعہ کی مذمت کی اور کہاکہ ’عاپ‘ ایک تماشہ بن گئی ہے۔ پارٹی کی قومی مجلس عاملہ سے بھوشن اور یادو کو مخالف پارٹی سرگرمیوں کے الزام میں نکال دینے کے اقدام کو اُنھوں نے جمہوریت کے قتل سے تعبیر کیا اور بتایا کہ دونوں قائدین نے پارٹی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں لیکن اس کا صلہ توہین آمیز طریقہ سے دیا گیا۔