عام آدمی پارٹی رکنیت 50 لاکھ ہوگئی جنوبی ہند سے محدود تائید

نئی دہلی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کی رکنیت 50 لاکھ ہوگئی ہے۔ پارٹی کو جنوبی ریاستوں سے کم تائید حاصل ہوئی ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاریہ ہفتہ جاری کردہ اطلاعات کے بموجب شمالی اور مغربی ہند میں عام آدمی پارٹی کی رکنیت عروج پر ہے۔ نئے افراد رضاکارانہ طور پر پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں لیکن جنوبی ہند کی ریاستوں میں یہی رجحان نہیں دیکھا گیا۔ ٹاملناڈو میں 2 لاکھ، کرناٹک میں 59 ہزار ارکان پارٹی میں شامل ہوئے۔ اُن میں سے کرناٹک میں 49 ہزار افراد نے اپنے نام آن لائن درج کروائے۔ کیرالا میں پارٹی ارکان کی تعداد 40 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ کرناٹک میں زیادہ تائید بنگلور کے ٹکنیکل سٹی سے حاصل ہوئی جسے پارٹی سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔ پارٹی ذرائع کے بموجب عام آدمی پارٹی آندھراپردیش میں زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی کیونکہ ریاست کے سیما آندھرا اور تلنگانہ علاقوں میں صف بندی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ تعداد میں ارکان یوپی، دہلی، مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش اور ہریانہ میں شامل ہوئے۔ یوپی میں 7 لاکھ 35 ہزار، دہلی میں 3 لاکھ 40 ہزار، مہاراشٹرا میں 3 لاکھ 41 ہزار اور ہریانہ میں 3 لاکھ 25 ہزار، گجرات میں 2 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ، اُتراکھنڈ میں ایک لاکھ 36 ہزار اور بہار میں ایک لاکھ 21 ہزار افراد رکن بنے۔ رکنیت کی مہم جس کا نام ’’میں بھی عام آدمی‘‘ رکھا گیا تھا، 26 جنوری کو اختتام پذیر ہوگی۔ اُمید کی جاتی ہے کہ اِس تاریخ تک ایک کروڑ افراد پارٹی رکنیت اختیار کریں گے۔ 10 لاکھ 80 ہزار ارکان ایس ایم ایس روانہ کرکے یا مسڈ کال دے کر رکن بنے۔ 6 لاکھ 45 ہزار افراد نے پارٹی کے ویب سائٹ پر اپنے نام درج کروائے۔ عام آدمی پارٹی امکان ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدواروں کی پہلی فہرست 26 جنوری کو جاری کرے گی۔

پارٹی ذرائع کے بموجب دہلی، یوپی، ہریانہ، بہار اور مہاراشٹرا کی چند نشستوں کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش کے علاقہ دھار سے موصولہ اطلاع کے بموجب بی جے پی رکن مقننہ پرویش صاحب سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ چیف منسٹر دہلی کجریوال عام آدمی کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ عوام کو اُنھوں نے جو تیقنات دیئے تھے اُن کی تکمیل کے بجائے ڈرامہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کا اتحاد صرف لوک سبھا انتخابات تک برقرار رہے گا۔ اِس کے بعد حکومت دہلی منتشر ہوجائے گی۔ پرویش سابق چیف منسٹر دہلی صاحب سنگھ ورما کے فرزند ہیں۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ عام آدمی پارٹی کے بعض ارکان اسمبلی بی جے پی کے ساتھ ربط رکھے ہوئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی اپنے تیقنات کی عدم تکمیل پر دہلی کے عوام کے سامنے بے نقاب ہوجائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں یہ پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہیں کرسکے گی۔