عام آدمی پارٹی حکومت کو بیدخل کرنے کی سازش

چینائی، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سومناتھ بھارتی نے آج کہا ہے کہ دہلی کی حکومت کو بیدخل کرنے کیلئے بدعنوان عناصر کی راست اور بالواسطہ کوششوں پر ان کی پارٹی قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔ دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی نے کہاکہ ہماری کوششوں کے باعث بدعنوان عناصر کی سرگرمیاں درہم برہم ہوگئی ہیں اور یہ عناصر نے اب ہمارے خلاف سازشوں کا جال بننا شروع کردیا ہے، تاکہ ہماری حکومت کو بیدخل کرنے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جاسکے لیکن ہم اس طرح کی سرگرمیوں پر سخت نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ سومناتھ جویہاں پارٹی والنٹیرس سے خطاب کیلئے یہاں آئے، انھوں نے کہاکہ عآپ حکومت اور لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کے درمیان جاریہ رسہ کشی دراصل مرکز میں نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کے ساتھ اختیارات کی جنگ ہے لیکن لیفٹننٹ گورنر اور کجریوال کے درمیان آپسی اختلافات کی شکل دے دی گئی ہے ۔انھوں نے بتایا کہ دہلی کے انتخابات میں شکست سے دوچار بی جے پی اب ہماری حکومت کو مفلوج کرنے کیلئے بعض حکام کو استعمال کررہی ہے اور یہ رسہ کشی لیفٹننٹ گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان نہیں ہے بلکہ دہلی حکومت اور مرکز کے درمیان کھلے عام جنگ ہے۔ اُنھوں نے لیفٹننٹ گورنر کو مزید اختیارات تفویض کرنے کیلئے مرکز کے ایک حالیہ اکزیکٹیو آرڈر کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ نجیب جنگ اب مختار کل بن گئے ہیں اور دہلی حکومت پر حکم چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ دہلی میں اعلیٰ عہدیداروں کے تقررات اور تبادلوں پر جنگ اور ریاستی حکومت کے درمیان جاریہ تعطل کے بارے میں سومناتھ نے الزام عائد کیاکہ مودی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ جمہوری طور پر منتخب حکومت کو ثمرات سے محروم کردیا جائے۔