عام انتخابات کے بعد چیف منسٹر اور اسپیکر کو سیاسی سنیاس لینا پڑے گا

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر اور اسپیکر کو آئندہ انتخابات کے بعد سیاسی سنیاس لینا پڑے گا چونکہ عوام ان کے طرز عمل کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی مسٹر ای دیاکر راؤ نے آج اسپیکر اسمبلی مسٹر ین منوہر کے طرز عمل اور طریقہ کار کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسپیکر و چیف منسٹر نے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے ’ آندھرا پردیش تشکیل جدید بل 2013 ‘ کو مسترد کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آج اسپیکر اسمبلی نے جس انداز میں کارروائی چلائی اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کس حد تک غیر دستوری اقدام کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے بتایا کہ اسمبلی قوانین کی شق 77 کے تحت چیف منسٹر کی جانب سے دی گئی نوٹس کو قبول کرتے ہوئے اسپیکر نے عوام کو دھوکا دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیکر کا یہ اقدام ان کے والد این بھاسکر راؤ کے اقدام کی یاد تازہ کررہا ہے ۔

جنہوں نے آنجہانی ین ٹی راما راؤ کو دھوکہ دیتے ہوئے ریاست میں اقتدار حاصل کیا تھا ۔ تلگو دیشم رکن اسمبلی نے اسپیکر کی جانب سے نوٹس کی منظوری کے لیے اختیار کردہ طریقہ کار کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر نے تاریخ دہراتے ہوئے دھوکہ بازی کی یادیں تازہ کردی ہیں ۔مسٹر اے ریونت ریڈی رکن اسمبلی تلگو دیشم نے بھی اسپیکر کے رویہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسپیکر نے اسمبلی قوانین کی شق 77 کے تحت دی گئی نوٹس پر جو اقدام کیا ہے وہ انتہائی افسوسناک پہلو ہے ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے اسپیکر پر الزام عائد کیا کہ مسٹر ین منوہر نے چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی کی تیار کردہ سازش کو عملی جامہ پہنانے کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر اور اسپیکر کے اقدامات کو ناقابل فراموش و ناقابل معافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 4 کروڑ عوام کے جذبات و احساسات کے ساتھ کئے گئے اس کھلواڑ پر عوام دونوں قائدین کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے سرمائی اجلاس کے اختتام پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ’ آندھرا پردیش تشکیل جدید بل 2013 ‘ کو پارلیمنٹ میں پیش کرتے ہوئے فوری نئی ریاست کی تشکیل کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر کانگریس قائدین کا تلنگانہ میں آزادانہ گھومنا محال ہوجائے گا ۔ تلنگانہ تلگو دیشم ارکان اسمبلی نے اسپیکر کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کو آمرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیما آندھرا سازشوں کو عملی جامہ پہنانے والے قائدین کو تلنگانہ عوام معاف نہیں کریں گے ۔۔