عام انتخابات میں کامیابی کیلئے کمربستہ ہوجانے کا مشورہ

سنگاریڈی ۔ 31جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس انچارج حلقہ اسمبلی سنگاریڈی مسٹر چنتا پربھاکر نے سدا سیوپیٹ منڈل کے ٹی آر ایس کارکنوں و قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے پارٹی کارکنان و قائدین کمربستہ ہوتے ہوئے تلنگانہ مخالفین کو مناسب سبق سکھائیں ۔ انہوں نے مقامی رکن اسمبلی کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے اعلانات پر بھی تنقید کی ۔ چنتاپربھاکر نے کہا کہ ٹی آر ایس علاقہ تلنگانہ کی ترقی اور تلنگانہ سے ہوئی ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے علحدہ ریاست تلنگانہ کیت شکیل کا مطالبہ کررہی ہے۔ اسمبلی میں مسلسل سیما آندھرائی اراکین اسمبلی مسودہ کی پیشکشی کے بعد ریاست کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے اسمبلی کا وقت ضائع کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ ٹی آر ایس مسودہ بل تلنگانہ کی منظوری کیلئے کوشاں ہے ۔ اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل کی کامیابی کیلئے ممکنہ کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرن کمار ریڈی چیف منسٹر جو کہ صرف سیما آندھرا کے ہی چیف منسٹر بن کر رہ گئے ہیں ‘

انہیں چاہیئے کہ وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں ۔ 5فبروری کو پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل پیش کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہیئے کہ وہ جلد از جلد تلنگانہ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرتے ہوئے منظور کروائیں اور علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم پارٹی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام میں رکاوٹیں پیدا کرنے والی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو انتخابات میںعوام مناسب سبق دیں گے ۔ اس موقع پر چندر شیکھر صدرمنڈل ‘ ستیہ نارائنا ‘ ستیہ یادو ‘ ملاگوڑ ‘ راچی ریڈی ‘ سائی کمار ‘ سرپنچوں کے علاوہ نائب سرپنچ ‘ سابق ایم پی ٹی سیز ‘ شیخ رشید ‘ موہن گوڑ ‘ بسواراج‘ ملیشم ‘ ملیش یادو ‘ وجیندر ریڈی ‘ محمد اکبر حسین ‘ ویریشم و دیگر کارکنان و قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ محمد اکبر حسین قائد ٹی آر ایس کے عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دیتے ہوئے آئندہ انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے کارکنوں کومشورہ دیا ۔