عام انتخابات فیصلہ کن جنگ کے مانند:کھتر

کشی نگر: 30 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھترنے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے کارکنوں سے اسی سال ہونے والے عام انتخابات میں اترپردیش کی سبھی سیٹوں پر بی جے پی امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے پوری طاقت جھونکنے کی اپیل کی ہے ۔مسٹر کھترنے کشی نگر کی پانچ پارلیمانی حلقوں کے سیکٹر انچارج اور ذمہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ہونے والے عام انتخابات کو فیصلہ کن جنگ کی طرح لیں۔ انہوں نے کارکنوں سے انتخابات میں پوری طاقت لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بی جے پی ریاست کی سبھی سیٹوں پر جیت درج کرے گی۔لیلا وتی دیوی اسٹیڈیم میں منعقد میٹنگ میں کشی نگر، دیوریا، بانس گاؤں، گورکھپور، مہاراج گنج پارلیمانی حلقے کے سیکٹر انچارج اور ذمہ داروں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں مقامی رکن پارلیمنٹ راجیش پانڈے ، رکن اسمبلی رجنی کانت منی ترپاٹھی، ضلع صدر جے پرکاش شاہی کے ذریعہ استقبال کے بعد کھترنے سیکٹر انچارجوں کو جیت کے ‘‘ منتر ’’دئے ۔ مسٹر کھترنے کارکنوں کو مرکز ی و ریاستی حکومت کی مفاد عامہ کی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے کے ہدایات دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکن بوتھ سطح تک پہنچیں اور سبھی کمزور کڑیوں کو ٹھیک کریں۔ عوام جان چکے ہیں کہ صرف بی جے پی ہی واحد ایسی پارٹی ہے جس کے اندر ملک و سماج کے ترقی کے لئے کچھ کرنے کا مادہ ہے ۔ کارکنوں کو صرف بوتھ سطح پر پارٹی کے پروگراموں کو نافذکرنے اور پارٹی نظم کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔