عام انتخابات ، علحدہ تلنگانہ میں ہونے کا ادعا

سوریا پیٹ /28 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی سوریاپیٹ میں ترقیاتی و تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں ۔ کانگریس حکومت عوام سے کئے وعدوں اور تیقنات پر عمل پیرا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی سوریا پیٹ آر دامودھر ریڈی نے انجناپور کالونی میں پی ٹی روڈ کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال کروڑوں روپئے کے حلقہ میں ترقیاتی و تعمیراتی کام کئے گئے ہیں جن میں سی سی روڈس واٹر شیلٹرس وغیرہ شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی کی موثر سربراہی کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی میعاد کی تکمیل سے قبل زیر التواء کام مکمل کرلئے جائیں گے ۔ اس موقع پر دامودھر ریڈی نے دعوی کیا کہ ان کے دور میں جو ترقیاتی و تعمیراتی کام کئے گئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی بھی رکن اسمبلی نے سوریا پیٹ میں اتنے کام نہیں کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کی ترقی ہی ان کا نصب العین ہے ۔

انہوں نے اس موقع پر اپوزیشن بالخصوص تلگودیشم قائدین کی جانب سے ان کے خلاف کئے جانے والے پروپگنڈہ کو بے جا و بے بنیاد قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور کہا کہ عوام خود فیصلہ کریں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے علحدہ تلنگانہ پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا ادعاء کیا کہ انتخابات علحدہ تلنگانہ ہی میں منعقد ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت نے بہت سوچ سمجھ کر غور و فکر کے بعد تشکیل تلنگانہ کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرن کمار ریڈی اور سیما آندھرا قائدین کتنی بھی سرد جنگ کرلیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ منعقد ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں تلنگانہ بل منظور ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں نہ صرف تلنگانہ سیما آندھرا بلکہ مرکز میں ان کی کانگریس برسر اقتدار آئے گی ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین چکلم راجیشور راو پی شوبھا سکروینا ریڈی و دیگر موجود تھے ۔