عام آدمی پا رٹی قومی سطح کی ہوگی: سیاسی امور کمیٹی کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ 17 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی ہونے کا عملی ثبوت پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو یہ ہدایت دی ہے کہ سرکاری رہائش گاہ میں موجود تمام ایرکنڈیشنرس کو نکال دیا جائے۔ وہ عنقریب شمالی دہلی کے سیول لائینس علاقہ میں واقع 6 فلیگ اسٹاف روڈ رہائش گاہ منتقل ہونے والے ہیں۔ کجریوال کی یہ ہدایت سینئر پی ڈبلیو ڈی عہدیداروں کیلئے پریشان کن بن گئی ہے کیونکہ اے سی کو نکالنے کی صورت میں اس جگہ کھڑکی لگانا یا پھر کچھ اور متبادل انتظام کرنا ہوگا۔ کجریوال کے اس نئے گھر میں دو لان، ایک ڈرائنگ اور ڈائننگ ایریا اور دو سرونٹ کوارٹرس ہیں۔اس گھر میں تمام ایرکنڈیشنرس کو نکالنا اس قدر آسان نہیں۔ عہدیداروں کے مطابق گھر کی از سر نو ڈیزائننگ کرنی ہوگی۔ اس دوران عام آدمی پارٹی سیاسی امور کمیٹی نے باغی لیڈر یوگیندر یادو کے مطالبہ کو تسلیم کرلیا ہے اور پارٹی قومی سطح پر وسعت اختیار کرے گی۔