عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس اوربی جے پی کی سمرتی ایرانی کی ایک دوسرے پر الزام تراشیاں

نئی دہلی یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ادا کار سے سیاستداں بننے والی سمرتی ایرانی امیتھی سے بی جے پی کی امیدوار مقرر کی گئی ہیں۔ آج اُن کی اور امیتھی سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار کمار وشواس کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی کیونکہ کمار وشواس نے تبصرہ کیا تھا کہ کوئی بھی ’’ایرانی یا پاکستانی‘‘ اس حلقہ انتخاب کیلئے کوئی فرق پیدا نہیں کرے گا۔کمار وشواس نے کہا تھا کہ پیغام دیہاتوں تک پہنچ چکا ہے چاہے کوئی ایرانی آئے یا پاکستانی ، اطالوی یا امریکی لیکن امیتھی پہلے ہی فیصلہ کرچکا ہے۔بی جے پی نے کل ہی فیصلہ کیا ہے کہ سمرتی ایرانی امیتھی سے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا مقابلہ کریں گی۔ کمار وشواس کے تبصرہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان ہر شخص کو علم ہے کہ کوئی فرق نہیں ہے جب عام آدمی پارٹی نے دہلی میں حکومت تشکیل دی تھی اسی وقت عوام کو عام آدمی پارٹی اور کانگریس دونوں کے بارے میں علم ہوگیا تھا ۔کمار وشواس پر تنقید کرتے ہوئے سمرتی نے کہا کہ انہیں توقع نہیں ہے کہ کمار وشواس اُن کے ذرا سے بھی احترام کے مستحق ہیں خاص طور پر اس لئے کہ وہ ایک خاتون ہیںاور کمار وشواس خواتین کے عدم احترام کی تاریخ رکھتے ہیں۔