بہار شریف 14اپریل (سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی کے امیدوار برائے نالندہ پارلیمانی انتخابی حلقہ پرنب پرکاش کو مبینہ طور پر عوام کے گروپ نے زدوکو ب کیا اور انتخابی مہم کے دوران ان کی کار پر حملہ کیا۔ سرکاری ذرائع کے بموجب پرنب پرکاش اتر پارا دیہات میں اپنی انتخابی مہم چلا رہے تھے جو ضلع بہار شریف کے بنڈ پولیس چوکی کے دائرہ کار میں شامل ہے اور ضلع مستقر سے تقریبا 20 کیلو میٹر دو رہے ۔یہ واقعہ کل رات پیش آیا۔پرنب پرکاش نے کہا کہ جب وہ جارہے تھے تو تقریبا 25 افراد نے ان کا راستہ روکا انہیں کار سے باہر کھینچ لیا اور سر پر لاٹھیوں سے حملہ کیا ۔ ان کے حامیوں کی کثیر تعداد نے بعدازاں پولیس اسٹیشن کے روبرو اور ضلع مجسٹریٹ کی قیامگاہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سپرنٹنڈنٹ پولیس پر الزام عائد کیا کہ وہ جنتا دل (یو) کے کارکنوں کی اس کارستانی پر کوئی کارروائی کرنے سے قاصر رہے۔ نالندہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا آبائی مقام ہے جہاں 17اپریل کو رائے دہی مقرر ہے ۔