عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی کے فارم ہاؤس پر انکم ٹیکس کا چھاپہ

نئی دہلی، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے ایک اور رکن اسمبلی کی مصیبتیں بڑھ سکتی ہیں۔ چھتر پور سے پارٹی کے ممبر اسمبلی کرتار سنگھ تنور کے جنوبی دہلی میں واقع فارم ہاؤس اور دفتر پر انکم ٹیکس محکمہ نے چھاپہ مارا ہے ۔پارٹی ذرائع کے مطابق مسٹر تنور کے جنوبی دہلی میں واقع فارم ہاؤس اور دفتر پر آج صبح محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ مارا۔پارٹی کے دہلی کے کنوینر دلیپ پانڈے نے چھاپے کے بارے میں ٹویٹ کر کے کہا کہ مودی حکومت کے اشارے پر یہ چھاپہ مارا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا "مودی جی نے پہلے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی اینٹی کرپشن شاخ اور دہلی پولیس کو آزمایا اور اب انکم ٹیکس محکمہ بھی لگ گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی اس سے خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے ۔ "موصولہ اطلاعات کے مطابق انکم ٹیکس محکمہ کے اہلکار صبح مسٹر تنور کے یہاں چھاپہ مارنے پہنچے ۔مسٹر تنور کی 20 کمپنیاں ہیں جو تحقیقات کے دائرے میں بتائی جا رہی ہے ۔آپ سے الگ ہوئے اس کے بانی رکن پرشانت بھوشن نے مسٹر تنور کے یہاں محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپے کے سلسلے میں ٹویٹ کرکے کہا کہ مسٹر تنور کو رکن اسمبلی کا ٹکٹ دینے کی انہوں نے مخالفت کی تھی۔پارٹی کے 12 ممبران اسمبلی کے خلاف خواتین پر مظالم، فرضی ڈگری اور دیگر معاملات میں ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے ۔ اب تک پارٹی کے11 ممبران اسمبلی گرفتار بھی ہوئے ہیں۔

 

عآپ رکن اسمبلی کی
درخواست ضمانت پر آج سماعت
نئی دہلی ۔27  جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے ایک رکن اسمبلی امانت اللہ خان آج ضمانت کیلئے سیشن عدالت سے رجوع ہوگئے جنہیں برقی میں کٹوتی کا مسئلہ اٹھانے کیلئے ان کے گھر پہنچنے والی ایک خاتون کو مبینہ طور پر دھمکی دینے کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ اوکھلا کے رکن اسمبلی نے جو عدالتی تحویل میں ہے، ایڈیشنل سیشنس جج کے اجلاس پر اپنی درخواست ضمانت پیش کی جس پر کل سماعت مقرر ہے۔ امانت اللہ خان کو گذشتہ روز مجسٹریٹ کی ایک عدالت سے اس بنیاد پر ضمانت دینے سے انکار کردیا گیا تھا کہ رہائی کی صورت میں وہ گواہ پر اثرانداز ہوسکتے ہیں اور تحقیقات میں رخنہ اندازی کرسکتے ہیں۔