نئی دہلی۔/3فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس جنرل سکریٹری ڈو وجئے سنگھ نے آج یہ شبہ ظاہر کیا کہ عام آدمی پارٹی کے باغی گروپ کے الزامات کے پس پردہ بی جے پی محرک ہوسکتی ہے۔ گزشتہ سال ارویند کیجروال نے 4فرضی کمپنیوں سے 2کروڑ روپئے کے عطیات حاصل کئے تھے۔ کانگریس لیڈرنے اپنے ٹوئٹر میں بتایا کہ مجھے اس بات پر حیرت نہیںہوگی کہ اگر بی جے پی کے محکمہ شعبدہ بازی نے عام آدمی پارٹی کو رسوا کرنے کیلئے یہ کام کیا ہوگا۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی عطیہ دہندگان کے خلاف کارروائی کریں گے؟۔ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے بتایا کہ اگرچیکہ وہ اروند کیجروال کے پرستار نہیں ہیں لیکن عام آدمی پارٹی لیڈر اسوقت سچے ثابت ہوں گے جب بی جے پی 2کروڑ روپئے کا عطیہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی سے علحدہ ہوئے ایک گروپ آپ والینٹرس ایکشن منچ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ سال 15اپریل کی نصف شب عام آدمی پارٹی کو بھاری عطیہ دیا گیا تھا۔ گروپ قائدین کرن سنگھ اور گوپال گوئل نے الزام عائد کیا کہ فرضی کمپنیوں کے نام پر 4عطیہ دہندگان نے فی کس 50لاکھ روپئے عام آدمی پارٹی کے اکاؤنٹس میں جمع کئے تھے۔ تاہم عام آدمی پارٹی نے دہلی میں 7فبروری کے انتخابات کے پیش نظر پارٹی کی امیج کو مسخ کرنے کی یہ ایک سازش ہے اور حکومت کو چیلنج کیا کہ ان الزامات کی تحقیقات کروائے۔