نئی دہلی ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دہلی میں انتخابات سے عین قبل عام آدمی پارٹی کو زبردست جھٹکا پڑا ہے جب کہ پارٹی کے بانی رکن اشوانی اپادھیائے نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں اعلی عہدہ سے سبکدوش ہو کر عام آدمی پارٹی میں شامل ہوا تھا تاکہ کرپشن ، جرائم ، ذات پات کے امتیازات اور فرقہ پرستی کے خلاف جدوجہد کی جائے لیکن گذشتہ ایک سال سے ہم نے محسوس کیا کہ ان لعنتوں کو مٹانے کی بجائے انہیں اختیار کرنے لگے تھے ۔ اور یہ پارٹی دیگر پارٹیوں کی طرح کام کررہی ہے ۔ تاہم اب میں نریندر مودی کی کارکردگی سے متاثر ہوا ہوں یہی وجہ ہے کہ میں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دریں اثناء بی جے پی نے یہ ادعا کیا ہے کہ عام پارٹی ارکان سبھاش تلوار ، راجیش گپتا اور سلیل کمار بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں ۔ بی جے پی دہلی یونٹ کے سربراہ مسٹر ستیش اپادھیائے نے بتایا کہ یوتھ کانگریس سے وابستہ والمیکی برادری کے افراد بھی بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں جب کہ گلوکار شنکر سہانی کی شمولیت کا اعلان کیا گیا ۔۔