نئی دہلی۔/17اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) ناراض لیڈر وں کے خلاف قطعی کارروائی کی سمت پیشرفت کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے اپنے باغی قائدین یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن کے خلاف نوٹس وجہ نمائی جاری کرنے کی تیاری کرلی ہے، ممکن ہے کہ انہیں پارٹی سے خارج کردیا جائے گا۔ قبل ازیں پارٹی نے ان کے معاملہ کو قومی تادیبی کارروائی کمیٹی سے رجوع کیا تھا تاکہ ان کے خلاف الزامات کی فہرست کو قطعیت دی جائے۔ پارٹی لیڈر اشوتوش نے بتایا کہ چارج شیٹ بالکل تیار ہے اور نوٹس بھی آج شام تک جاری کردی جائے گی۔ انہوںنے پرشانت بھوشن کے اس فقرہ پر اعتراض کیا کہ ان کے کیس کو تادیبی کارروائی کمیٹی سے رجوع کرنے سیاسی اُمور کمیٹی کا فیصلہ غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح کی تادیبی کارروائیوں پر سوال اٹھانا مناسب نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ پارٹی کی قومی کونسل سے بھوشن ’ یادو ‘ آنند کمار اور اجیت جھا کو نکال دیا گیا تھا جبکہ پرشانت بھوشن گزشتہ ماہ تادیبی کاروائی کمیٹی سے نکال دیئے جانے تک اس کے صدر تھے اور اب تین رکنی کمیٹی کی قیادت دنیش واگھیلا کررہے ہیں۔