عام آدمی پارٹی کے باغی ارکان کا قابل لحاظ تائید کا ادعا

نئی دہلی ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے باغی ارکان اشونی اپادھیائے، راجیش گپتا اور پارٹی سے خارج کئے گئے ایم ایل اے ونود کمار بنی نے آج ادعا کیا کہ انہیں پارٹی کے 300 قومی عاملہ ارکان کے منجملہ 70 ارکان کی تائید حاصل ہے جن کا اتوار کو اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ نئی قیادت کا انتخاب کیا جاسکے۔

مسٹر اپادھیائے نے کہا کہ ہم نے پارٹی کیڈرس کا ایک سروے کیا تھا جس کے بعد زیادہ تر کیڈرس نے یہ کہا کہ وہ موجودہ پارٹی قیادت میں تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ 6 اپریل کو جنترمنتر پر منعقد شدنی اجلاس میں پارٹی کی نئی قیادت کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس موقع پر مسٹر بنی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی تشکیل بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے ہوئی تھی۔ کوئی چار یا پانچ افراد پر مشتمل خانگی کمپنی نہیں ہے۔ ان تینوں نے یہ ادعا کیا بھی کیا کہ لوک سبھا انتخابات کیلئے مختلف نشستوں پر کس امیدوار کو ٹکٹ دینا ہے، اس کا فیصلہ پہلے ہی ہوچکا ہے۔