عام آدمی پارٹی کی یلغار سے بچ جانے والے بی جے پی کے تین امیدوار

نئی دہلی ۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق ریاستی صدر بی جے پی وجیندر گپتا ‘جگدیش پردھان اور اوم پرکاش شرما وہ تین بی جے پی قائدین ہیں جو عام آدمی پارٹی کی انتخابی یلغار سے بچ گئے اور انہوں نے بھگوا پارٹی کی شرمناک شکست میں حصہ نہیں لیا ۔ گپتا کو 5367 کی سبقت حاصل ہوئی پردھان کو 58,388 اوراوم پرکاش شرما کو 58,124 ووٹ حاصل ہوئے ۔ گپتا کو 47966 ووٹ حاصل ہوئے اور انہوں نے اپنے حریف عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے امیدواروں کو شکست دے دی۔

عام آدمی پارٹی کا آئندہ منصوبہ
نئی دہلی ۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پہلے دہلی پر توجہ مرکوز کرے گی اور آئندہ ہریانہ اور مہاراشٹرا انتخابات میں مقابلہ نہیں کرے گی ۔حالانکہ پارٹی کے سینئر قائدین اور کارکنوں نے جن کا تعلق ان دونوں ریاستوں سے ہیں اس فیصلہ کی مخالفت کی ہے ۔ پارٹی نے تنظیمی رد و بدل کرتے ہوئے ارکان اسمبلی اور دیگر کارکنوں کو پارٹی کے کاموں پر لگادیا ہے ۔ مختلف تنظیمیں جیسے عاپ کا نوجوانوں کا شعبہ ‘طلبہ کا شعبہ ‘خواتین کا شعبہ ‘ایس ٹی شعبہ ‘ گرامین مورچہ ‘ تجارتی برادری کا شعبہ قائم کئے ہیں تا کہ رائے دہندوں سے قریبی ربط پیدا کیا جائے ۔ اس نے فیصلہ کیا ہے کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں جن نشستوں پر بہت کم سبقت سے شکست ہوئی تھی اُن پر توجہ دی جائے ۔ پارٹی ذرائع کے بموجب گذشتہ سال ڈسمبر سے کجریوال نے 110 عام جلسوں سے خطاب کیا ہے ۔

دہلی انتخابات میں ’’نوٹا‘‘جملہ ووٹوں کا 0.4 فیصد
نئی دہلی۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) مذکورہ بالا میں سے کوئی بھی نہیں (نوٹا) دہلی انتخابات میں ڈالے ہوئے جملہ ووٹوں کا 0.4 فیصد رہا ۔ ان انتخابات کے بعد عام آدمی پارٹی نے 70 رکنی دہلی اسمبلی میں 67 نشستیں حاصل کرلی ۔ جملہ 36 ہزار ’’نوٹا‘‘ ووٹ استعمال کئے گئے جو جملہ ووٹوں کا 0.4 فیصد ہیں۔ گذشتہ مرتبہ 49 ہزار نوٹا ووٹ استعمال کئے گئے تھے ۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں ایک کروڑ 33 لاکھ رائے دہندوں نے 673 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا۔