عام آدمی پارٹی کی قومی عاملہ کا اجلاس

نئی دہلی ۔ 20 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دہلی کے انتخابات میں غیر متوقع کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی کی مجلس عاملہ کا پہلا اجلاس آئندہ ہفتہ منعقد ہوگا ۔ پارٹی قائدین ملک بھر میں تنظیم کو وسعت دینے کے لیے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ یہ اجلاس 26 فروری کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا ۔ جس میں مختلف ریاستوں کے قائدین شریک ہوں گے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مجلس عاملہ کے اجلاس سے قبل سیاسی امور کمیٹی کے اجلاس میں ایجنڈہ کو قطعیت دی جائے گی ۔ عام آدمی پارٹی کا گذشتہ اجلاس لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد سنگرور پنجاب میں منعقد ہوا اور اب دہلی کے اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ممبئی اور بنگلور کے میونسپل انتخابات میں مقابلے کے لیے پارٹی والینٹرس کا اصرار ہے ۔ مذکورہ اجلاس میں اس مطالبہ پر بھی غور و خوص کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ تقریب حلف برداری کے فوری بعد اروند کجریوال نے کہا تھا کہ آئندہ 5 سال تک صرف دہلی پر توجہ دی جائے گی ۔ لیکن سینئیر پارٹی لیڈر یوگیندر یادو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چار یا پانچ ریاستوں میں پارٹی کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کا منصوبہ ہے ۔