ضمنی انتخابات میں کانگریس کو فائدہ ہوگا ‘ شیلا ڈکشٹ کا دعویٰ
نئی دہلی ۔ 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی سابق چیف منسٹر شیلا ڈکشٹ نے عام آدمی پارٹی ( عاپ) کو اس کے 20ارکان کی نااہلی کے بعد انتخابات کا سامنا کرنے کا چیلنج کیا اور دعویٰ کیا کہ ضمنی انتخابات کے انعقاد کی صورت میں کانگریس کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ کجریوال حکومت اپنی ساکھ و اعتبار سے محروم ہوگئی ہے ۔ دہلی پر طویل عرصہ تک حکمرانی کرچکی شیلا ڈکشٹ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اپنے انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کے سبب ضمنی انتخابات کا سامنا کرنے سے گریز کررہی ہے ۔ ڈکشٹ نے عام آدمی پارٹی کے 20ارکان کو نااہل قرار دیئے جانے پر اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر یہ پارٹی سمجھتی ہے کہ وہ قواعد شکنی کرسکتی ہے تو ایسا کرلیا جائے کیونکہ یہ پارٹی جھوٹ کے سائے میں زندہ ہے ۔