لکھنو۔6جنوری( سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی نے آج اعلان کیا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ملک کی 20ریاستوں میں مقابلہ کرے گی اور توقع ہے کہ اترپردیش کے حلقہ امیٹھی میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف اپنے لیڈر کمار وشواس کو امیدوار نامزد کرے گی ۔ عام آدمی پارٹی کے قومی ترجمان سنجے سنگھ نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ یادو جیسے سرکردہ قائدین کے خلاف عام آدمی پارٹی اپنے امیدواروں کے بارے میں جلد فیصلہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اترپردیش کے تمام 80لوک سبھا حلقوں سے مقابلہ کرے گی ۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی کی قومی عاملہ نے بشمول اترپردیش 20ریاستوں میں لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
بالخصوص اترپردیش کے تمام 80لوک سبھا حلقوں میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ’’ ہم 15فبروری تک اپنے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے کی کوشش کریں گے اور لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنے کے خواہشمند افراد 15جنوری تک عام آدمی پارٹی کو اپنی تفصیلات روانہ کرسکتے ہیں ۔ درخواست گذاروں کو پارلیمانی حلقہ کے تمام اسمبلی حلقوں سے کم سے کم 100 افراد کی تائید و سفارش ضروری ہوگی ۔ سنجے سنگھ نے ایک سوال پر جواب دیا کہ ملائم سنگھ یادو ‘ رام ولاس پاسوان ‘ فاروق عبداللہ ‘ ممتا بنرجی ‘ مایاوتی اور چند دوسرے قائدین خود کو سیکولر قرار دیتے ہیں ‘حالانکہ یہ حقیقت ہے کہ ماضی میں کبھی نہ کبھی وہ بی جے پی کے ساتھ رہ چکے ہیں ۔ ’’ اب وہ کانگریس کے ساتھ ہیں اور خود کو سیکولر قرار دے رہے ہیں‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے فنڈس کی محلہ جات اور گرام سبھاؤں کو منتقلی کے حق میں ہے تاکہ عوام خود فیصلہ کرسکیں کہ یہ عوامی رقومات کس مقصد اور کہاں پر خرچ کی جائے ۔