نئی دہلی ۔2 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی میں اختلافات کی خبروں کے دوران پارٹی کے سینئر قائد یوگیندر یادو نے کہا کہ پارٹی میں بحران کی تمام باتیں ’’تصوراتی ‘‘ ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ انتخابی کامیابی کے بعد کام پر توجہ دی جائے اور چھوٹی چھوٹی کارروائیوں میں نہ اُلجھا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ دہلی کی عوام نے پارٹی کو زبرست اکثریت عطا کی ہے چنانچہ ہمیں حقیر کارروائیوں میں ملوث نہیں ہونا چاہئے ۔ گزشتہ چند دن سے وہ اُن کے اور پرشانت بھوشن کے بارے میں خبریں سن رہے ہیں لیکن یہ سب فرضی کہانیاں ہیںاور اُن کے اور بھوشن کے خلاف الزامات عائد کرتے ہوئے سازش کی جارہی ہے ۔ انھیں اس پر بہت رنج ہے لیکن ہنسی بھی آتی ہے ۔