پنچ کلا( ہریانہ) ۔8مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کی سیاسی اُمور کمیٹی سے اخراج کے چند دن بعد یوگیندر یادو نے آج کہا کہ وہ پارٹی میں خانہ جنگی کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے اور کارکنوں سے اپیل کی کہ پارٹی اور اُس کے نظریات پر سے بھروسہ ختم نہ کریں بلکہ کرپشن کا صفایا کرنے پر توجہ مرکوز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند دن میں کئی واقعات پیش آئے ہیں ۔ مجھے تمام پارٹی کارکنوں سے درخواست کرنی پڑی کہ کچھ بھی ہوجائے پارٹی پر سے بھروسہ اور اُمید ختم نہ کریں ۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ‘ انہوں نے کہا کہ ہر شخص پارٹی کیلئے کام کررہا ہے ۔ خانہ جنگی اور اسی قسم کے دوسرے الفاظ گذشتہ پانچ تا سات دن سے استعمال کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن کافی امید اور توقعات کے ساتھ آتے ہیں ‘ وہ نہیں چاہتے کہ ایسے واقعات جاری رہے ۔ میں بھی نہیں چاہتا کہ مزید ایسے واقعات ہوں ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ مزید سوال جواب نہ کریں بہت ہوچکا ‘ اب کام کرنا ہے ۔ ہم یہاں ایک دوسرے سے جنگ کرنے کیلئے نہیں آئے ہیں‘ ہم یہاں کرپشن کا خاتمہ کرنے کیلئے آئے ہیں ۔ یوگیندر یادو پارٹی کے ’’ جئے کسان ابھیان ‘‘ کے سلسلہ میں یہاں آئے ہوئے تھے ‘ جس کا آغاز گذشتہ ماہ بی جے پی حکومت کے خلاف ریاست اور مرکز میں کیا گیا ہے تاکہ مرکز کی ’’مخالف کاشتکار‘‘ پالیسیوں کی مخالفت کی جاسکے ۔ دوسرے سینئر قائد پرشانت بھوشن نے بھی 4مارچ کو کمیٹی سے اخراج کے بعد کارکنوں سے ایسی ہی اپیل کی تھی