عام آدمی پارٹی ورکرس پر بی جے پی ورکرس کے حملہ کی شکایت

پٹنہ ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج ادعا کیا کہ مشرقی چمپارن حلقہ انتخاب میں پارٹی امیدوار امیت کمار چوبے اور ان کے حامیوں پر بی جے پی ورکرس نے پان پور بازار میں بندوقوں سے حملہ کیا لیکن پولیس کا کہنا ہیکہ دو شادیوں میں شریک الگ الگ پارٹیوں کے درمیان یہ واقعہ رونما ہوا۔ عام آدمی پارٹی کی ریاستی مہم کمیٹی کے سکریٹری پربھات کمار نے الزام عائد کیا کہ جس وقت وہ لوگ علاقہ میں انتخابی مہم چلارہے تھے، مقامی بی جے پی ورکرس نے ان پر حملہ کیا

اور ایک ورکر نے عام آدمی پارٹی کے ورکر کی پیشانی پر دیسی ساختہ پستول رکھ دی اور دھمکی دی کہ وہ اسے جان سے مار دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران عام آدمی پارٹی کے دیگر ورکرس نے پستول چھین لیا اور بی جے پی ورکرس وہاں سے بھاگ نکلے۔ ہم نے ہر سدھی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے چھینی ہوئی پستول بھی وہاں جمع کروادی لیکن پولیس نے اب تک خاطیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جس کی ہر سدھی SHO جے پرکاش پرساد نے یہ کہہ کر تردید کی کہ اس واقعہ کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔