عام آدمی پارٹی نے عوام سے دغا کی: مودی

نئی دہلی ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی پر شدید تنقید میں وزیراعظم نریندر مودی نے آج اسے ’’پیٹھ میں چھرا گھونپنے والی جماعت‘‘ قرار دیا اور دہلی والوں سے اروند کجریوال زیرقیادت پارٹی کو ووٹ دینے کی ’’غلطی‘‘ کا اعادہ نہ کرنے کی اپیل کی۔ ایک الیکشن ریالی میں اپنی زائد از نصف گھنٹے کی تقریر کے دوران مودی نے بی جے پی کیلئے واضح خط اعتماد کی اپیل کی، جو 2013ء کے چناؤ میں اکثریت سے کچھ پیچھے رہ گئی تھی، اور ادعا کیا کہ ان کی پارٹی ایسی صاف ستھری اور مستحکم حکومت فراہم کرے گی جو لوگوں نے ماضی میں ’’کبھی نہیں دیکھی‘‘ ہے، اس طرح انہوں نے عام آدمی پارٹی کے کلیدی انتخابی نعرہ کا توڑ فراہم کرنے کی کوشش کی۔ عام آدمی پارٹی کا نام لئے بغیر اس پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے لوک سبھا انتخابات میں کئے گئے اس کے وعدوں کا مذاق بناتے ہوئے کہا کہ اس نے ’’ضمانتوں کی ضبطی کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا‘‘ ہے۔
مودی نے دہلی کو ہندوستان کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن طئے کریں گے کہ عالمی سطح پر اس ملک کی کیا شبیہ ہونی چاہئے۔