عام آدمی پارٹی میں پھوٹ کے آثار

نئی دہلی۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی میںبحران کی اطلاعات کے دوران پارٹی کے داخلی لوک پال نے قیادت کے نام اپنے مکتوب میں نشاندہی کی ہے کہ اعلیٰ سطحی قیادت میں دو گروپس بن گئے ہیں ۔ اس سے پارٹی میں باہمی مواصلات کی ناکامی اور باہمی عدم اعتماد کا ثبوت ملتا ہے ۔عام آدمی پارٹی کے داخلی لوک پال نے کہا کہ داخلی جمہوریت بحال کرنے کیلئے تمام تنقیدوں کا ازالہ کرنے کی کوشش ضروری ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے سینئر ارکان میں پھوٹ پیدا ہوگئی ہے ۔ خاص طور پر دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواروں کے انتخاب کے بارے میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں ۔ داخلی لوک پال کے مکتوب میں سفارش پیش کی گئی ہے کہ داخلی جمہوریت کی ضرورت ہے اور ایک آزادانہ گروپ کے ذریعہ داخلی احتساب کروایا جانا چاہیئے ۔ یہ مکتوب گذشتہ ہفتہ پارٹی کی قومی عاملہ کے اجلاس سے قبل روانہ کیا گیا تھا ۔ بحریہ کے سابق سربراہ اور عام آدمی پارٹی کے داخلی لوک پال اڈمیرل رام داس نے کہا کہ کوشش کی جانی چاہیئے کہ پارٹی میں حقیقی صنفی حساسیت پیدا ہو کیونکہ نہ تو پی اے سی میں اور نہ دہلی حکومت میں کوئی خاتون رکن شامل ہیں ۔ مکتوب کے بموجب گذشتہ 6تا 8ماہ کے دوران باہمی اعتماد اور مواصلات کا فقدان ہے ۔ پارٹی کی اعلیٰ سطی قیادت میںگروپ بندی ہورہی ہے ۔ اس کے نتیجہ میں سازشوں کے بارے میں کاناپھوسی شروع ہوگئی ہے ۔اڈمیرل رام داس نے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے کیونکہ عام آدمی پارٹی دیگر پارٹیوں سے مختلف ہے ۔