سندیپ کمار کی برطرفی کے طریقہ کار پر رکن اسمبلی کا اعتراض
نئی دہلی ۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی میں بحران ‘ شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور سندیپ کمار کے تعلق سے جاری تنازعہ نے آج اُس وقت ایک نیا موڑ اختیار کرلیا جب پارٹی رکن اسمبلی نے اروند کجریوال کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اشوتوش کے موقف پر نکتہ چینی کی اور الزام عائد کیا کہ حاشیہ بردار حلقہ پارٹی کونقصان پہنچا رہا ہے ۔ بجواسن کے رکن اسمبلی دیویندر شراوت نے اس سے پہلے عام آدمی پارٹی کی جانب سے پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو کو برطرف کرنے کے طریقہ کار پر بھی تنقید کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال دن بہ دن ابتر اور مایوس کن ہوتی جارہی ہے ۔ چنانچہ ایسے نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اشوتوش نے سندیپ کمار کی برطرفی کیلئے جو موقف اختیار کیا اور اس انداز میں اس کی مدافعت کررہے ہیں وہ ناقابل قبول ہے ۔شراوت نے عام آدمی پارٹی دہلی یونٹ کے کنوینر دلیپ پانڈے پر بھی تنقید کی اور اُن کے طرز عمل کے بارے میں سوالات اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے بھی ملنے والی اطلاعات غیر اطمینان بخش ہیں ۔