مجلس کے کارکنوں پر حملہ کا الزام ، پولیس میں ایف آئی آر درج
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( ایجنسیز ) : عام آدمی پارٹی کے ورکرس کو منگل اور چہارشنبہ کے دن ہراساں کئے جانے کی اطلاعات منظر عام پر آئیں ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہراساں کئے جانے والوں کا تعلق مبینہ طور پر مجلس اتحاد المسلمین سے تھا ۔ جنہوں نے محمد عادل اکبر عمر 26 سال ساکن آسمان گڑھ کوآرڈینٹر عام آدمی پارٹی حلقہ ملک پیٹ یونٹ پر حملہ کر کے زخمی کردیا ہے ۔ زخمی محمد عادل اکبر پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ملک پیٹ فائر اسٹیشن کے قریب واقع فارمیسی سے تقریبا 2-30 بجے اپنی رہائش گاہ کی طرف جارہے تھے ۔ اسی دوران مجلس کے ورکرس زاہد علی خاں اور ان کے بھائی ریاست علی خاں نے مبینہ طور پر ان پر لاٹھیوں سے حملہ کردیا ۔ متاثرہ شخص نے بتایا کہ انہیں حملہ آوروں نے ملک پیٹ میں عام آدمی پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے خلاف انتباہ بھی دیا ۔ عام آدمی پارٹی ملک پیٹ انچارج محمد وقار حسین جنہوں نے متاثرہ شخص کے وکیل بھی ہیں نے بتایا کہ عادل کو زخمی حالت میں فوری طور پر نیو لائف ہاسپٹل چادر گھاٹ علاج کی غرض سے لے جاکر آئی سی سی یو میں شریک کیا گیا۔ کیوں کہ ان کے سر ، ناک اور جبڑے بری طرح زخمی ہوگئے ہیں ۔ اس بات کی شکایت چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی جہاں تحقیقات زیر التواء ہے ۔ تحقیقاتی عہدیدار ڈاکٹر کرشنا موہن نے اس بات کا ادعا کیا کہ حملہ آوروں کا تعلق مجلس پارٹی سے ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شکایت کی وصولی کے بعد ملزمین کے خلاف مقدمہ 341 اور 324 سیکشن کے تحت درج کرلیا گیا ہے ۔۔