نئی دہلی ۔ 18 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے آج عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی جرنیل سنگھ کو گرفتاری سے عبوری تحفظ میں جولائی تک توسیع دیدی ہے ، جن پر دہلی میونسپل کارپوریشن کے ایک انجنیئرن پر حملہ اور غیر مجاز تعمیرات کے انہدام روکنے کا الزام ہے۔ جسٹس سیتا گپتا نے یہ ہدایت دی کہ ضرورت پڑنے پر ایم سی ڈی انجنیئر کو پولیس تحفظ فراہم کیا جائے جبکہ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل سنجے جین نے یہ شکایت کی کہ چونکہ ملزم جرنیل سنگھ ایک رکن اسمبلی میں تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ عدالت نے رکن اسمبلی سے کہا کہ فریق مخالف سے رابطہ قائم نہ کریں اور نہ ہی اثر انداز ہونے کی کوشش کریں۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔