عام آدمی پارٹی ذرائع ابلاغ کی جانچ کا سامنا نہیں کرسکی:منیش تیواری

نئی دہلی 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیر منیش تیواری نے آج عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ذرائع ابلاغ کی جانچ کا سامنا نہیں کرسکی اور اس نے حکومت تشکیل دینے کا جو فیصلہ کیا تھا اور یہی وجہ تھی کہ وہ ’’زخمی کرو اور بھاگو‘‘ کی حکمت عملی اختیار کرنے پر مجبور ہوگئی۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ان کے خیال میں عام آدمی پارٹی ذرائع ابلاغ کی مہربانیوں سے فائدہ اٹھارہی تھی جبکہ تک کہ اس نے حکومت کا ایک حصہ بنے رہنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ذرائع ابلاغ نے اس کی جانچ شروع کردی تو وہ اس کی حدت برداشت نہیںکرسکی اور واضح طور پر زخمی کرو اور بھاگو کی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے فرار ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی کا حوصلہ پختہ ہوتا تو وہ دہلی میں اپنی حکومت جاری رکھتے اور تیقنات دیئے تھے انہیں پورا کرتے ان کی موجودہ حکمت عملی ذمہ داری پوری کرنا اور بعدازاں اس سے فرار حاصل کرنا کی پالیسی ہے ۔ مرکزی وزیر سے عام آدمی پارٹی قائد اروند کجریوال کے ان دعوؤں پر رد عمل دریافت کیا گیا تھاجس میںانہوں نے کہا تھا کہ صحافت کے گوشہ سے کہا گیا ہے کہ وہ نریندر اور راہول گاندھی کی خبریں انہیں رسواء کرنے کے انداز میں شائع کریں۔ منیش تیواری نے مودی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچ میں گرودوارہ تعمیر کرنے کا تیقن دیتے ہوئے پنجاب کے عوام کو گمراہ کیا ہے۔