نئی دہلی ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی کے بعض قائدین کی جانب سے عام آدمی پارٹی کی ستائش کیا جانا پارٹی کو بے شک ناگوار گزر رہا ہے لیکن اس کے باوجود کانگریس کے ایک دیگر قائد نے بھی عام آدمی پارٹی کا بہار میں لالو پرساد کے ابتدائی زمانہ سے تقابل کیا۔ جب لالو پرساد 90ء کی دہائی میں وزیراعلیٰ تھے، دوسری طرف مرکزی وزیر جے رام رمیش کو بھی اروند کجریوال کی ستائش کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج دہلی شکیل احمد نے ٹوئٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ‘‘ حکومت انہیں لالو پرساد کے ابتدائی دورحکمرانی کی یاد دلائی ہے۔ جے پرکاش نارائن کے مجسمہ پر حلف برداری، بدعنوانی کے خلاف لڑائی، جنتا دربار، غریب بچوں کی بال کٹوائی (حجامت) اور غسل وغیرہ۔ بہار میں لالو پرساد کے راج کو ’’لالو راج‘‘ سے تعبیر کیا جاتا تھا اور جب جب میڈیا اور تجزیہ نگار لاقانونیت، ترقیاتی کاموں کے فقدان کا تذکرہ کرنا چاہتے تھے تو وہ ’’لالوراج‘‘ کی اصطلاح استعمال کیا کرتے تھے۔