نئی دہلی 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی ‘ چیف منسٹر مسٹر اروند کجریوال کی قیادت میں وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرنے کے فیصلے پر اٹل ہے اور اس کا مطالبہ ہے کہ فرائض سے تغافل برتنے والے دہلی پولیس کے عہدیداروں کو معطل کیا جائے ۔ حالانکہ نئی دہلی ضلع میں اور اطراف و اکناف میں امتناعی احکام جاری کردئے گئے ہیں تاہم سینئر پارٹی لیڈر مسٹر سنجے سنگھ نے یہ واضح کیا کہ اگر پولیس عہدیداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو یہ دھرنا یقینی طور پر منظم کیا جائیگا ۔ مسٹر کجریوال اپنے کابینی رفقا منیش سیسوڈیہ ‘ سومناتھ بھارتی اور راکھی برلا کے ساتھ جمعہ کو مسٹر شنڈے سے ملاقات کرچکے ہیںاور انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف پیر کی صبح 10 بجے تک کارروائی کی جائے بصورت دیگر وہ وزارت داخلہ کے سامنے دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ اس دوران وزارت داخلہ نے ان تین واقعات کے تعلق سے ‘ جن کا عام آدمی پارٹی نے تذکرہ کیا ہے ‘ دہلی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وزارت داخلہ ان تینوں ہی واقعات کے تعلق سے حقائق جاننا اچہتی ہے اور رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔