عامل ڈسکو بابا کا پولیس اسٹیشن میں رقص

رکن اسمبلی چارمینار بھی موجود، ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی
حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز) عاملوں کی گرفتاری اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون کے دفتر میں گرفتار شدہ دھوکہ باز عامل انور اللہ خان المعروف ڈسکو بابا کے رقص کی ویڈیو قومی سطح پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ گذشتہ یوم ڈی سی پی کے دفتر میں ہوئے اس رقص و موسیقی کے پروگرام میں رکن اسمبلی چارمینار سید احمد پاشاہ قادری زرین کلاہ کی موجودگی پر بھی کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس ویڈیو کو قومی ٹیلی ویژن چیانلس پر بھی نشر کیا جانے لگا ہے اور اسے پولیس اسٹیشن میں رقص کے پروگرام کے نام کے ساتھ دکھایا جارہا ہے۔ڈی سی پی ساؤتھ زون کے دفتر میں گرفتار شدہ عاملین کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سامنے پیش کرنے کے بعد ڈسکو بابا نامی ڈھونگی سے رقص کروائے جانے کی ویڈیو اب تک ہزاروں افراد شئیر کر چکے ہیں

اور زائد از 50ہزار افراد اس ویڈیو کا مشاہدہ کر چکے ہیں جس میں سید احمد پاشاہ قادری اور ایڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر کے بابو راؤ کے علاوہ دیگر پولیس عہدیدار نظر آرہے ہیں۔ اس ویڈیو میں ڈسکو بابا کو متھن چکرورتی کی فلم ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کے گانے ’’ آئی ایم اے ڈسکو ڈانسر‘‘ پر پر جوش انداز میں رقص کرتے دیکھا گیا ہے اور اس موقع پر موجود افراد اس رقص کا مشاہدہ کرتے ہوئے اس سے محظوظ ہورہے تھے ۔سوشل میڈیا پر کئے جا رہے سوالات میں رکن اسمبلی سے استفسار کیا جا رہا ہے کہ وہ کس کی ’’ہدایت‘‘ پر وہاں تشریف لے گئے تھے کیونکہ وہ عام طور پر ہدایت پر ہی روانہ ہوتے ہیں۔ان استفسارات کے جواب میں بعض حامی یہ کہہ رہے ہیں کہ رکن اسمبلی وہاں ان عاملین کے خلاف کاروائی کروانے والے شکایت کنندگان کے ہمراہ پہنچے تھے لیکن بعض لوگوںکا کہنا ہے کہ اگر وہ اس مقصد کیلئے پہنچے بھی تھے تو انہیں ڈی سی پی آفس میں جاری رقص و موسیقی کی محفل کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے تھا لیکن رکن اسمبلی کی موجودگی میں جاری رہنے والے اس رقص پر ان کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ قومی ٹیلی ویژنس پر دکھائے گئے ویڈیو میں رقص اور موسیقی کے ساتھ موجود افراد کی حرکات و سکنات بھی واضح موجود ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا کے ذریعہ عام کرنے والوں کو بھی دھمکانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

 

عاملوں اور جادوگروں کے خلاف کارروائی کیلئے ایس آئی ٹی کی تجویز
حیدرآباد۔/28ستمبر، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستی اقلیتی کمیشن نے کالا جادو سے متعلق شکایات کی وصولی اور تحقیقات کیلئے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی ) قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ پولیس نے کل شہر کے مختلف مقامات سے 16 عاملوں اور جادوگروں کو گرفتار کیا ہے۔ کمیشن نے اس رپورٹ پر از خود کارروائی کرتے ہوئے پولیس سے تفصیلات طلب کی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا کی اس کارروائی پر ستائش بھی کی۔
پیانل نے یہ تجویز دی کہ ایس آئی ٹی تشکیل دی جائے جو اس طرح کی شکایات موصول ہونے پر ملوث افراد کو فوری گرفتار کرے۔ پولیس نے بتایا کہ کالا جادو کرنے والے اپنی شاطرانہ چال کے ذریعہ معصوم افراد کو نشانہ بنارہے ہیں اور ان سے رقومات اینٹھ رہے ہیں۔