عامر کی واپسی کیلئے پی سی بی سرگرم، سلمان اور آ صف کیساتھ سردمہری

کراچی ۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپس لانے کیلئے سرگرم ہے لیکن محمد آصف اور سلمان بٹ کے معاملے میں سردمہری کررہا ہے۔ مذکورہ کھلاڑیوں کی پانچ سالہ پابندی اگست2015میں ایک ساتھ ختم ہوگی۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ایک رکن نے محمد عامر کے بارے میں نرم گوشہ اختیار کرنے پر تحفظات ظاہر کئے۔ تاہم سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے اس بارے میں تفصیلی گفتگو کے دوران تحفظات دور کردیے۔ گورننگ بورڈ کو بتایا گیا ہے کہ پی سی بی عامر کے ساتھ جانب داری نہیں برت رہا بلکہ انہیں کم عمری کا فائدہ دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اصولی پالیسی طے ہے۔ آ صف اور سلمان بٹ اسپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار ہیں اس لئے انہیں مروجہ طریقہ کار سے گذرنا پڑے گا۔

سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ دو ہفتے گزر جانے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے وہ خط نہیں ملا جس میں ان کی بحالی سے متعلق ہدایات ہیں جن پر عمل کر کے ہی وہ کرکٹ کے میدانوں میں لوٹ سکیں گے۔ وہ بورڈ کو بحالی کے پروگرام کے لئے اپنی دستیابی سے آ گاہ کر چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان نے17 نومبر کو سلمان بٹ سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ یہ خط آ ئندہ چند دنوں میں انھیں مل جائے گا۔ محمد آ صف نے بھی گذشتہ ہفتے شہریار خان سے ملاقات کر کے کہا تھا کہ عامر کی طرح بورڈ ان کے معاملے پر بھی نظر ثانی کرے۔ شہر یار خان نے کہا ہے کہ سلمان بٹ اور محمد آ صف نے کرکٹ میں واپسی کے لئے درکار آ ئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی شرائط پوری نہیں کی ہیں۔ ان دونوں کرکٹروں نے اپنے کئے پر جو معافی مانگی ہے وہ کافی نہیں ہے بلکہ انھیں اس سے زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔امکان ہے کہ عامر کو آ ئندہ سال کے آ غاز میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل جائے گی جبکہ آ صف اور سلمان بٹ سزا پوری کئے بغیر ڈومیسٹک کرکٹ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔