عامر کی واپسی پر وقار یونس خوش

لاہور۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسپاٹ فکسنگ مقدمہ میں سزا یافتہ کھلاڑی محمد عامر کو بالاخر نیوزی لینڈ کا ویزا مل گیا ہے۔ اب وہ ٹیم کے ساتھ کھیلنے جا سکیں گے۔ دبئی میں نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے محمد عامر کو ویزا دینے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اہم تفصیلات طلب کی تھیں۔ ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اسپاٹ فکسنگ مقدمہ، آئی سی سی کے فیصلے کی تفصیلات، برطانوی عدالت کے فیصلے کی نقل، محمد عامر کی جائیداد، بینک اکاؤنٹس اور جیل کا ریکارڈ بھی طلب کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے تمام تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد محمد عامر کو ویزا جاری کر دیا ہے۔ محمد عامر15  جنوری کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے  ٹوئنٹی20  میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ہیڈ کوچ وقار یونس محمد عامر کی واپسی کے حوالے سے پرجوش ہیں۔ انٹرویو میں وقار یونس نے کہا کہ محمد عامر پابندی ختم ہونے کے بعد صحیح راستے پر چل رہے ہیں۔دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم کے اعلان سے قبل دو ہفتے طویل تربیتی کیمپ میں محمد عامر کی شمولیت کے بعد نئے تنازعات شروع ہوئے تھے جس میں محمد حفیظ اور اظہرعلی کی جانب سے کیمپ کا بائیکاٹ کرنے کے علاوہ ونڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی کی جانب سے ٹیم کے اعلان سے عین قبل قیادت سے مستعفی ہونے کی خبر بھی اہم ہے ۔