عامر کو پاکستانی ٹیم سے دور رکھنا چاہئے : انضمام

کراچی ، 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیا ہے کہ داغدار پیس بولر محمد عامر کو نیشنل ٹیم سے دور ہی رکھیں تو بہتر ہے ۔ عامر نے بنگلہ دیش پریمیر لیگ کے پہلے مرحلہ میں اپنی لیفٹ آرم بولنگ کے ذریعہ بڑا اثر دکھایا اور ایسی بحث چھڑ گئی ہے کہ نیشنل سلیکٹرس اُن کے مظاہروں کو کب تک نظرانداز کرتے ہوئے انھیں پاکستانی ٹیم سے دور رکھ سکتے ہیں۔ انضمام نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’میں نہیں سمجھتا کہ عامر کو یا اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث دیگر دو کھلاڑیوں میں سے کسی کو بھی پاکستانی ٹیم میں واپس شامل ہونے کی اجازت دینا کوئی اچھا خیال ہے ۔ میرا بس یہی ماننا ہے کہ اگر عامر نیشنل ٹیم کیلئے دوبارہ منتخب ہوتا ہے تو دیگر کھلاڑیوں کی توجہ کرکٹ سے ہٹ جائے گی اور اُن پر اور خود عامر پر اضافی دباؤ رہے گا‘‘۔ 120 ٹسٹ اور 398 او ڈی آئیز کے تجربہ کار انضمام نے کہاکہ وہ اپنے تجربہ کی بناء کہہ سکتے ہیں کہ جب پاکستانی ٹیم انگلینڈ ، آسٹریلیا یا کسی بھی دیگر ملک کا دورہ کریگی تو میڈیا عامر کو بخشے گا نہیں ۔