عامر کو سنٹرل کنٹراکٹ ملنے کا امکان

لاہور ، 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عامر کو سنٹرل کنٹراکٹ ملنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد عامر کو ابتدائی طور پر ’’سی ‘‘کیٹیگری میں رکھا جائے گا۔ فاسٹ بولر کو مراعات کے ساتھ ایک لاکھ پچھتر ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ پی سی بی چیئرمین شہریار خان جلد کریں گے۔ خیال رہے کہ محمد عامر نے 2010 ء کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی ہے۔ عامر تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ۔ تاہم ونڈے سیریز میں اُن کی بولنگ شاندار رہی۔ ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا کہ عامر فی الحال اپنی بہترین کارکردگی نہیں دکھا پارہے لیکن وہ جلد فارم بحال کرلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر کی گیند ان سوئنگ ہونا شروع ہوگئی ہے جو ایک اچھی علامت ہے اور ان کے پیس میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ تیسرے ونڈے کے بعد نیوزی لینڈ کے اِن فارم بلے باز مارٹن گپٹل نے بھی عامر کی گیند بازی کی تعریف کی تھی۔