عامر کو انگلینڈ کا ویزا ملنا چاہئے آئی سی سی عہدہ دار کا بیان

لندن ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوو رچرڈسن نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی کرکٹ میں واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُن کے انگلینڈ کے ٹور کی حمایت کر دی۔ عامر کے ویزے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے بورڈ سے مدد طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ محمد عامر رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرچکے ہیں جہاں انھوں نے دو ونڈے انٹرنیشنلز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ عامر کو 2010ء میں اسپاٹ فکسنگ کے اعتراف پر 6 ماہ کی قید ہوئی تھی اور انھیں برطانیہ کے کم عمر قیدیوں کے مرکز میں رکھا گیا تھا۔  اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر اُس وقت کے کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف کو بھی برطانوی عدالت نے قید اور ان کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔ عامرسمیت سلمان بٹ اور محمد آصف کو گزشتہ سال آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ میں واپسی کی اجازت دی گئی۔ تاہم جرم میں سزا یافتہ ہونے پر برطانوی حکومت عامر کو ویزا جاری کرنے سے انکار کرسکتی ہے۔ نیوز ایجنسی’ اے ایف پی‘ کو انٹرویو میں رچرڈ سن نے کہا: ’’میرا یہ خیال ہے کہ جب کسی کو سزا ہو اور وہ اس کو مکمل کرے پھر اس کے بعد ’دوبارہ نہیں‘ کہنے والے ہم کون ہوتے ہیں؟ عامر نے اپنی غلطیوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو آگاہ کرتے ہوئے مثال قائم کرنے کا عزم دکھایا ہے۔‘‘ رچرڈسن نے مزید کہا: ’’میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک اچھی بات ہے کہ وہ کرکٹ میں واپس آگئے ہیں اور اگر وہ انگلینڈ نہیں آئے تو یہ حیران کن ہوگا۔‘‘