عامر پر پابندی کیلئے درخواست، پی سی بی سے جواب طلب

کراچی۔17فبروری (سیاست ڈاٹ کام)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شوکت میمن پر مشتمل بنچ نے کرکٹر محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت کے خلاف دائر کردہ درخواست پر چیر مین پی سی بی سے جواب طلب کیا ہے جبکہ درخواست گزار کو آئند ہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل دینے کا حکم دیا ہے۔ سماعت کے موقع پر پی سی بی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محمد عامر لاہور کا رہائشی ہیں لہذا مذکورہ درخواست سندھ ہائی کورٹ میں قابل سماعت نہیں ہے اور سندھ ہائی کورٹ کو درخواست سننے کا اختیار نہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا محمد عامر پاکستان کا شہری نہیں جو اس کے خلاف درخواست کی سماعت نہیں ہوسکتی۔ چیئر مین پی سی بی آئندہ سماعت پر حلف نامے کے ساتھہ اپنا جواب داخل کرائیں۔قبل ازیں سماجی کارکن درخواست گزار رانا فیض الحسن نے موقف اختیار کیا کہ لارڈز ٹسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کا جرم ثابت ہونے پر محمد عامر ،سلمان بٹ اور محمد آصف کو سزا سنائی گئی تھی۔محمد عامر کی سزا رواں برس ستمبر میں ختم ہورہی ہے۔محمد عامر جیسے بدعنوان کرکٹر کو پی سی بی کی ملی بھگت سے آئی سی سی نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔سزا یافتہ کھلاڑی کو دوبارہ کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔