عامر سہیل سلیکشن کمیٹی کے نئے چیئرمین مقرر

کراچی۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹسٹ کھلاڑی محمد الیاس کو چیف سلیکٹر کے عہدہ سے بر طرف کردیا گیا ہے جبکہ سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان اظہرخان، سلیم جعفر اور فرخ زمان بدستور اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے اور پاکستان کے سابق ٹسٹ کرکٹر عامرسہیل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے‘ انہیں ڈائریکٹر گیم ڈیویلیپمنٹ کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔ وہ ان دونوں عہدوں پر پہلے بھی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔دریں اثناء محمد الیاس جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔ خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب بھی انہی کی ذمہ داری ہوگی۔ باسط علی کو کراچی میں علاقائی کرکٹ اکیڈمی کا کوچ مقرر کردیا گیا ہے، جب کہ انتخاب عالم ڈائرکٹر ڈومیسٹک کرکٹ بنا دیے گئے ہیں۔سلیکشن کمیٹی کے موجودہ ارکان اظہرخان، سلیم جعفر اور فرخ زمان بدستور اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ تمام فیصلے شب گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیے۔

واضح رہے کہ سلیکشن کمیٹی اقبال قاسم کے استعفیٰ کے بعد سے بغیر چیف سلیکٹر کام کر رہی تھی اس کی وجہ یہ تھی کہ جب سابق عبوری یا نگراں چیئرمین نجم سیٹھی نے معین خان کو سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا تھا تو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسے کالعدم قرار دے دیا جس کا یہ کہنا تھا کہ نجم سیٹھی اہم نوعیت کے بڑے فیصلے کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔عامر سہیل اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) توقیرضیا کے دور میں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ اعجاز بٹ کے دور میں ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی اینڈ گیم ڈیویلیپمنٹ بنائے گئے تھے لیکن صرف آٹھ ماہ کام کرنے کے بعد انہوں نے اس عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔47 سالہ عامرسہیل نے اپنے ہنگامہ خیز کریئر میں 47 ٹسٹ اور 156 ونڈے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔وہ اپنی جارحانہ بیٹنگ کی طرح بے لاگ تبصروں اور کھل کر خیالات کا اظہار کرنے کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔