لاس اینجلس ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان کو ویزا جاری کرنے کے باوجود امریکہ میں داخلے سے روک دیا گیا۔ عامر خان کو لاس اینجلس میں باکسنگ مقابلہ دیکھنے جانا تھا۔ میڈیا کے مطابق امریکہ میں داخلے سے روکے جانے کی اطلاع عامر خان نے سماجی ویب سائٹ پر دی اور انہوں نے افسوس کااظہار کیا کہ اس رکاوٹ کامطلب ہے کہ وہ ابھی تک انگلینڈ میں ہی ہیں، جبکہ وہ بے تابی سے باکسنگ مقابلہ دیکھنے کے منتظر تھے۔ عامر خان کاکہنا ہیکہ انہیں ہفتے کو لاس اینجلس میں مجوزہ مقابلہ دیکھنے امریکہ جانا تھا۔